مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے دعوی کیا ہے کہ نصر 2 آپریشن کے تسلسل میں کویت میں واقع امریکی فضائی اڈے علی السالم پر حملہ کرکے دو ڈرون ہینگرز اور فوجی طیاروں و ہیلی کاپٹروں کے لیے استعمال ہونے والے ایندھن کے ایک ذخیرے کو آگ لگا کر تباہ کر دیا گیا ہے۔
سپاہ پاسداران کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق، ایرانی عوام مسلسل 150 راتوں سے ملک بھر میں اجتماعات منعقد کرکے امام شہید کے خون کا انتقام لینے اور امریکی افواج کے خطے سے انخلا کا مطالبہ کر رہے ہیں، جبکہ سپاہ پاسداران کی فضائی اور زمینی فورسز میدان جنگ میں دشمن کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ "نصر 2" آپریشن کے تحت امریکی جارحیت کے جواب میں علی السالم فضائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا، جہاں دو ڈرون ہینگرز اور فوجی طیاروں و ہیلی کاپٹروں کے ایندھن کا ایک ذخیرہ تباہ کر دیا گیا۔
سپاہ پاسداران نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی جارحیت کا جواب اس وقت تک جاری رہے گا جب تک خطے کے وسائل کی مبینہ لوٹ مار ختم نہیں ہوتی اور امریکی افواج کو خطے سے نکال نہیں دیا جاتا۔ بیان میں کویت کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ کارروائیاں امریکی فوجی موجودگی کے خلاف ہیں۔
آپ کا تبصرہ